ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل: ’اندرا کینٹین ‘میں معیاری کھانا نہ ملنے کی شکایت؛ ذائقے دار کھانا فراہم کرنے کا مطالبہ

بھٹکل: ’اندرا کینٹین ‘میں معیاری کھانا نہ ملنے کی شکایت؛ ذائقے دار کھانا فراہم کرنے کا مطالبہ

Tue, 18 Oct 2022 20:24:01    S.O. News Service

بھٹکل:18؍ اکتوبر(ایس اؤ نیوز)غریبوں اور مزدوروں کو رعایتی قیمت پر کھانا فراہم کرنےوالی ’اندرا کینٹین ‘میں معیاری غذا نہ ملنے کے متعلق عوامی شکایت موصول ہونے کے بعد آفسران کی جانب سے تفتیش کرنے کی یقین دھانی کرائی گئی ہے۔

ڈیڑھ برس پہلے شروع ہوئی اندرا کینٹین بہترین انداز میں غریبوں اور مزدوروں کو کھانا فراہم کرتی رہی ہےاور کورونا کے دوران کینٹین سے بے شمار لوگوں کی بھوک بھی مٹائی گئی ہے۔ بھٹکل شہر کے سرکاری اسپتال جانے والے روڈ پر واقع اندرا کینٹین کے ذریعے مزدور، اسکول وکالج کے طلبا اور غریبوں کو کافی سہولت تھی ،کئی سارے بیوپاری لوگ بھی یہیں کھانا کھاتے رہتےہیں۔ تعلقہ سودھا سے متصل جگہ پر موگیر طبقے کے لوگ پچھلے 6مہینوں سے  ایس سی سرٹیفکٹ کی مانگ لےکر احتجاج پر ہیں ، احتجاج میں شریک ہونے والے لوگ بھی پچھلے 6مہینوں سے اسی اندراکینٹین میں کھاتے رہےہیں۔اندراکینٹین میں  10روپئے میں کھانا، 5روپئے میں ناشتہ دیاجاتاہے۔ کینٹین سے استفادہ کرنےو الے شکایت  کررہےہیں کہ حالیہ دنوں میں یہاں معیاری کھانانہیں دیاجارہا ہے کھانے میں کسی طرح کا ذائقہ نہیں ہے اور بعض دفعہ ایسا بدمزہ کھانا پیش کیا جاتا ہے کہ لوگ اسے کھا بھی نہیں سکتے۔

چیف آفیسر کا بیان : اندرا کینٹین میں معیاری کھانا نہ ملنےکی عوامی شکایت پر وضاحت کرتےہوئے بھٹکل میونسپالٹی کے چیف آفیسر ایم کے سریش نے بتایا کہ اندراکینٹین میں تازہ اور ذائقے سےبھرا کھانا دیاجانا چاہئے،کینٹین میں جو بھی  اضافی اخراجات ہوتے ہیں وہ متعلقہ کونٹریکٹر کو  خود حکومت ادا کرتی ہے۔ عوامی شکایت پر توجہ دیتےہوئےبہت جلد اندراکینٹین کا دورہ کرتےہوئے تفتیش کی جائے گی اور اگر وہاں معیاری کھانا میسر نہیں ہوا تو انہیں نوٹس جاری کی جائے گی۔


Share: